ایران–اسرائیل جنگ روکنے کیلئے مرکز مداخلت کرے: تلنگانہ اسمبلی میں قرارداد منظور
حیدرآباد: تلنگانہ اسمبلی نے امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو روکنے کیلئے مرکزی حکومت سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے ایک اہم قرارداد منظور کی۔ یہ قرارداد ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ایوان میں پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے نتیجے میں تقریباً 4 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جس پر انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق اس جنگ کے اثرات خاص طور پر ایشیائی ممالک پر شدید پڑ رہے ہیں اور عالمی سطح پر معاشی نقصان ہو رہا ہے۔
بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اس صورتحال کا بھارت پر بھی نمایاں اثر پڑ رہا ہے۔ اگر متعلقہ ممالک کے درمیان کشیدگی کم نہ ہوئی تو عالمی حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں اور یہ تنازعہ تیسری عالمی جنگ کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی اس جنگ کی مذمت کرتی ہے اور متعلقہ ممالک کے درمیان امن کی بحالی کی خواہاں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ قرارداد کے ذریعے بھارت کی مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جنگ کے خاتمے کیلئے فعال کردار ادا کرے۔



