تلنگانہ

آسٹریلیا فائرنگ واقعہ ۔ ساجد اکرم نے آخری مرتبہ حیدرآباد کا دورہ کب کیا تھا؟

حیدرآباد ۔ آسٹریلیا کے شہر میں واقع بونڈی بیچ دہشت گردانہ حملے میں ملوث حملہ آوروں میں شامل ساجد اکرم نے آخری بار 2022 میں حیدرآباد کا دورہ کیا تھا۔ یہی ان کا بھارت کا چھٹواں اور آخری دورہ بھی تھا۔

 

 

تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا۔تقریباً 50 سالہ ساجد اکرم کی خاندانی جڑیں حیدرآباد سے ہیں۔ ساجد ٹولی چوکی میں رہا کرتا تھا اس نے بی کام کی تعلیم حاصل کی اور اب بھی اس کے پاس ہندوستانی پاسپورٹ موجود ہے۔

 

ساجد کے والد کا انتقال 2009 میں ہوچکا ہے جبکہ ان کی والدہ اور بھائی اب بھی حیدرآباد کے ٹولی چوکی علاقہ میں مقیم ہیں۔ ذرائع کے مطابق جائیداد کے معاملات پر ساجد کے اپنے بھائی سے اختلافات تھے اور اپنے ایک دورے کے دوران وہ حیدرآباد میں مستقل طور پر آباد ہونے کے امکانات کا جائزہ لینے آیا تھا۔

 

ذرائع کے مطابق ساجد اکرم نے حیدرآباد کے انورالعلوم کالج سے گریجویشن مکمل کیا۔ بعد ازاں وہ بیرونِ ملک منتقل ہوگیا اور برسوں کے دوران وقفے وقفے سے بھارت آتا رہا جبکہ تلنگانہ پولیس کے ذرائع کے مطابق 2022 اس کا آخری دورہ تھا۔

 

حملے کے بعد ساجد کے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ خاندان کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انہیں اس کے کسی انتہا پسندانہ یا شدت پسندانہ نظریات کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ چند برسوں سے خاندان کا ساجد سے کوئی رابطہ بھی نہیں تھا۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button