حلف برداری کے بعد اظہر الدین کا پہلا بیان

حیدرآباد:کانگریس کے سینئر قائد اور ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہرالدین نے آج تلنگانہ ریاست کے وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔ اس موقع پر وزیر اظہرالدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کے افراد، پارٹی کے اہم
رہنماؤں اور اپنے قریبی لوگوں کے سامنے وزیر کے طور پر حلف لینا ان کے لیے بے حد خوشی کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ موقع دینے پر وہ خاص طور پر کانگریس پارٹی کی ہائی کمان کے شکر گزار ہیں۔ اظہرالدین نے کہا کہ ملک کے
عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں اس لیے انہیں کسی کے سرٹیفکیٹ یا ثبوت کی ضرورت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جو بھی محکمہ دیا جائے گا وہ پوری ایمانداری اور لگن سے کام کریں گے اور کس محکمہ کی ذمہ داری دینی ہے اس کا فیصلہ
وزیر اعلیٰ کریں گے۔کشَن ریڈی کے تبصروں پر ردِعمل ظاہر کرنے سے انکار کرتے ہوئے وزیر اظہرالدین نے کہا کہ انہیں دوسروں کے بیانات کا جواب دینے کی کوئی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ اظہر الدین ریونت ریڈی کابینہ کے پہلے مسلم وزیر ہیں۔
 
 


