تلنگانہ

بانسواڑہ واقعہ: مجلس کی نمائندہ وفد کی وزیر و ڈی جی پی سے ملاقات، بے قصور نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ

کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے ارکانِ اسمبلی کے ایک وفد نے تلنگانہ کے وزیر برائے اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل شیو دھر ریڈی سے ملاقات کی اور باسواڑہ میں پیش آئے فرقہ وارانہ واقعے کے سلسلے میں ایک تفصیلی یادداشت پیش کی۔

 

وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ حالیہ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور کئی خاندان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ارکانِ اسمبلی نے کہا کہ پولیس کارروائی کے دوران بعض بے قصور اقلیتی نوجوانوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، اس لیے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے اور مزید گرفتاریوں کا سلسلہ روکا جائے۔

 

وفد نے متاثرہ دکانداروں اور تاجروں کے نقصانات کا فوری سروے کرانے اور حکومت کی جانب سے مناسب اور فوری معاوضہ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروبار کی بحالی اور متاثرین کی بازآبادکاری کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا جانا چاہیے تاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔

 

ارکان نے وزیر اور پولیس سربراہ پر زور دیا کہ واقعے کی منصفانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے، اشتعال انگیزی اور تشدد میں ملوث اصل ذمہ داران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

 

ساتھ ہی علاقے میں اضافی پولیس بندوبست، امن کمیٹیوں کے قیام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

Oplus_131072

متعلقہ خبریں

Back to top button