تلنگانہ

فریضہ حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور مسائل کی شکایت نہ کرنے بیرسٹر اویسی نے دیا عازمین حج کو مشورہ

حیدرآباد: صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے حج بیت اللہ پر روانہ ہونے والے عازمین کو مشورہ دیا  کہ وہ اس عظیم عبادت کو صرف رسمی سفر نہ سمجھیں بلکہ مکمل روحانیت، صبر و شکر اور عاجزی کے ساتھ ادا کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ حج ایک روحانی امتحان بھی ہے جہاں صبر، برداشت، ایثار، اور بھائی چارہ لازمی ہے۔ عازمین کو چاہئے کہ وہ وہاں پیش آنے والی تکالیف اور سہولیات کی کمی پر شکایات کرنے کے بجائے اللہ کی رضا پر راضی رہیں۔ "گھر جیسی سہولیات حج کے سفر میں ممکن نہیں ہوتیں، لہٰذا عازمین کو ہر حال میں شکر اور صبر کا رویہ اپنانا چاہئے،” اویسی نے کہا۔

 

انہوں نے زور دیا کہ عازمین، اپنے حج کو دوسروں کے لئے بھی فائدہ مند بنائیں۔ وہ دنیا بھر کے مسلمانوں، ملک کی خوشحالی، تلنگانہ میں امن و ترقی، اور تمام مظلوم طبقات کے حقوق و انصاف کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ اویسی نے یاد دلایا کہ حج صرف فرد کا فریضہ نہیں بلکہ امت مسلمہ کی وحدت، مساوات اور اجتماعی شعور کی علامت بھی ہے۔

 

بیرسٹر اویسی نے عازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مقبولیت حج کی دعا بھی کی اور انتظامیہ سے گزارش کی کہ وہ عازمین کو ممکنہ سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر باقی نہ رکھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button