تلنگانہ اسمبلی کے مکمل سیشن کا بائیکاٹ کرنے بی آر ایس کا اعلان – اسپیکر پر جانبداری برتنے کا الزام
حیدرآباد _ تلنگانہ کی اہم اپوزیشن بی آر ایس نے اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار کے رویہ اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کی جانب سے بی آر ایس قایدین کے خلاف کئے گئے ریمارک پر بطور احتجاج اسمبلی سیشن کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے
۔اسمبلی سے واک آوٹ کے بعد بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے سامنے گن پارک پر حکومت اور اسپیکر کے خلاف دھرنا دیا۔اس موقع پر چیف منسٹر ریونت ریڈی پر سخت تنقید کرتے ہوئے بی آر ایس کے سینئر لیڈر ہریش راؤ نے کہا کہ رہونت ریڈی سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کر رہے ہیں، جو کسی بھی طور مناسب نہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ اسمبلی میں اصل اپوزیشن کو بولنے کا موقع نہیں دیا جا رہا اور مائیک بند کر دیا جاتا ہے۔ اسپیکر نہ صرف چیف منسٹر پر تنقید سے روک رہے ہیں بلکہ آن ریکارڈ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اگر چیف منسٹر کے خلاف بات کی گئی تو مائیک کاٹ دیا جائے گا۔
بی آر ایس لیڈر نے کہا کہ جب چیف منسٹر پر تنقید کی اجازت ہی نہیں تو اسمبلی میں رہنے کا کیا مطلب؟ اسپیکر کے جانبدارانہ رویے کے خلاف احتجاجاً بی آر ایس نے اس سیشن کی اسمبلی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا۔



