نائب صدر جمہوریہ کے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے بی آر ایس کا اعلان
بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی نائب صدر کے انتخابات میں حصہ نہیں لے گی کیونکہ اس میں ’’نوٹا‘‘ کا آپشن موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا میں بی آر ایس کے چاروں ارکان ووٹنگ میں شامل نہیں ہوں گے۔
کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس نہ تو این ڈی اے کی ماتحت ہے اور نہ ہی انڈیا بلاک کی، بلکہ یہ صرف تلنگانہ کے عوام کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم کسانوں کی مشکلات کو اجاگر کرنے کے لیے اس پلیٹ فارم کو استعمال کررہے ہیں۔ ریاست میں یوریا کی قلت کے باعث کسان پریشان ہیں اور کانگریس و بی جے پی دونوں ہی کسانوں کو ستا رہی ہیں۔‘‘
انہوں نے الزام لگایا کہ ’’20 دن پہلے ہی ہم نے یوریا کی قلت پر متنبہ کیا تھا لیکن نہ مرکزی حکومت نے کوئی توجہ دی اور نہ ہی ریاستی حکومت نے۔ اسی لیے 70 لاکھ کسانوں کی طرف سے ہم نے اس انتخاب کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
کویتا کے معاملے پر کے ٹی آر نے کہا کہ پارٹی پہلے ہی کارروائی کرچکی ہے، مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔ کالیشورم پراجیکٹ پر جھوٹے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اب تک 240 ٹی ایم سی پانی استعمال میں آچکا ہے۔



