دو امیدواروں کو ملے برابر ووٹ، قسمت کا فیصلہ — دوباک میں لکی ڈرا سے بی آر ایس امیدوار کامیاب
تلنگانہ کے ضلع سدی پیٹ کے دوباک بلدیہ کے انتخابات میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں سنسنی خیز انتخابی مقابلے کے بعد بالآخر قسمت نے فیصلہ کن کردار ادا کیا
۔وارڈ نمبر 3 میں بی جے پی اور بی آر ایس امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ رہا۔ ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے لے کر اختتام تک دونوں امیدواروں کے درمیان برتری کا پلڑا بدلتا رہا۔ گنتی مکمل ہونے پر دونوں کو برابر ووٹ ملنے سے حکام بھی حیران رہ گئے
۔امیدواروں کی درخواست پر کسی بھی معمولی غلطی سے بچنے کیلئے انتخابی عہدیداروں نے دو مرتبہ دوبارہ گنتی کرائی، مگر دوسری بار بھی نتیجے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انتخابی قواعد کے مطابق برابر ووٹ آنے کی صورت میں فاتح کا فیصلہ لکی ڈرا کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بعد ازاں حکام نے دونوں امیدواروں کے نام پرچوں پر لکھ کر باکس میں ڈالے اور قرعہ اندازی کی، جس میں بی آر ایس امیدوار کا نام نکلنے پر انہیں باضابطہ طور پر کامیاب قرار دیا گیا۔



