وقف ترمیمی بل کے خلاف تحریک میں بی آر ایس کی مکمل تائید: داراسلام کے جلسے عام سے محمد محمود علی کا خطاب

بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر محمد محمود علی نے مرکزی حکومت کے متنازعہ وقف ترمیمی بل کے خلاف جاری تحریک کو اپنی پارٹی کی مکمل تائید کا یقین دلایا ہے۔ وہ حیدرآباد کے دارالسلام میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے منعقدہ احتجاجی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں محمد محمود علی نے وقف جائیدادوں کے تحفظ کو مسلمانوں کے لیے ایک اہم اور حساس مسئلہ قرار دیا۔ انہوں نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اس بل کے ذریعہ وقف اداروں کو کمزور کرتے ہوئے مسلمانوں کے مذہبی، سماجی اور تعلیمی اداروں کو نقصان پہنچانا چاہتی ہے۔
انہوں نے رکن پارلیمنٹ و صدر آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی کو مشورہ دیا کہ وہ اس بل کے خلاف تمام سیکولر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر بڑے پیمانے پر تحریک شروع کریں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بی آر ایس پارٹی نہ صرف اس احتجاج کی مکمل تائید کرے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر پارلیمانی سطح پر بھی آواز بلند کرے گی۔
محمد محمود علی نے کہا کہ وقف جائیدادیں قوم کی امانت ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کی جائے گی۔