بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی ایک تاجر سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کرنے کے الزام میں گرفتار اور ضمانت پر رہا

تلنگانہ کی ورنگل ضلع پولیس نے جبری وصولی کے الزامات پر بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کو گرفتار کر لیا ہے۔
ورنگل کی صوبیداری پولیس نے حلقہ حضور آباد کے رکن اسمبلی کو شمس آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر گرفتار کیا اور انہیں پوچھ تاچھ کے لئے ورنگل منتقل کرلیا گیا۔
گرینائیٹ کے ایک تاجر نے صوبیداری پولیس اسٹیشن میں کوشک ریڈی کے خلاف کیس درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ بی آر ایس لیڈر نے انہیں دھمکاتے ہوئے 50 لاکھ روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ کملاپور منڈل میں کانکنی کرنے والے منوج ریڈی نے اپنی اہلیہ رمادیوی کے ذریعہ شکایت درج کرواتی ہوئے کہا تھا کہ رکن اسمبلی نے پہلے جبری طور پر 25 لاکھ روپے وصول کئے اور مزید 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا۔
پولیس نے رکن اسمبلی کے خلاف دھمکانے اور جبری وصولی پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے قاضی پیٹ کی عدالت میں پیش کیا جہاں عدالت نے کوشک ریڈی کو 14 دن کی ریمانڈ میں دے دیا۔اور پولیس انھیں کھمم جیل منتقل کرنے کی تیاری کررہی تھی تاہم اس کے دو گھنٹے بعد ہی انھیں عدالت نے مشروط ضمانت دے دی ۔