تلنگانہ

بی آر ایس کے رکنِ اسمبلی ماگنتی گوپی ناتھ کا انتقال

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس کے جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی، ماگنتی گوپی ناتھ  کا انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 62 سال تھی

 

گزشتہ جمعرات، 5 جون کو انھیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد گھر والوں نے انھیں فوری طور پر گچی باؤلی میں واقع اے آئی جی ہاسپٹل منتقل کیا۔ وہاں انھیں انتہائی نگہداشت (ICU) میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، مگر علاج کے دوران اتوار کی صبح 5:45 بجے اُن کا انتقال ہو گیا۔ یہ بات ڈاکٹروں نے تصدیق کی ہے۔

 

بتایا گیا کہ 5 جون کو جب وہ گھر پر تھے، اُسی وقت انھیں دل کا دورہ پڑا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ انھیں کارڈیک اریسٹ (دل کی دھڑکن بند) کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد فوری CPR (دل کو دوبارہ چلانے کا عمل) کیا گیا۔ کچھ دیر بعد اُن کی نبض، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن بحال ہو گئی، مگر وہ وینٹی لیٹر پر ہی زیرِ علاج رہے۔

 

مزید یہ بھی بتایا گیا کہ ماگنتی گوپی ناتھ کافی عرصے سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ تین ماہ قبل بھی انھیں اسی ہاسپٹل میں داخل کروایا گیا تھا اور اُس وقت ڈائلیسز کرایا گیا تھا۔ اب حالیہ دل کے دورے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔

 

گوپی ناتھ تین مرتبہ ایم ایل اے منتخب

ٹی ڈی پی کے بانی این ٹی آر سے متاثر ہوکر  گوپی ناتھ نے 1982 میں تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) میں شمولیت اختیار کی تھی۔ 1985 میں اُنہیں حیدرآباد شہر کے تلگو یوتھ وِنگ کا صدر منتخب کیا گیا۔ خود این ٹی آر نے انہیں تقرری کا خط دیا تھا۔

 

گوپی ناتھ نے 2014 میں پہلی بار ٹی ڈی پی کی طرف سے ایم ایل اے کا انتخاب جیتا۔ اس کے بعد 2018 میں وہ ٹی آر ایس  میں شامل ہوگئے اور اُس سال کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی۔

 

بعد ازاں 2023 کے انتخابات میں بھی اُنہوں نے جیت درج کی۔ اس طرح وہ لگاتار تین مرتبہ ایم ایل اے منتخب ہوئے۔ سال 2022 میں بی آر ایس کی طرف سے حیدرآباد ضلع کے صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں۔

 

متعلقہ خبریں

Back to top button