تلنگانہ بس حادثہ – ماں ہلاک باپ شدید زخمی لیکن تین بچے معجزاتی طور پر محفوظ

تلنگانہ کے رنگاریڈی ضلع کے چیوڑلہ کے قریب خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق چیوڑلہ کے مرزا پور میں ایک آر ٹی سی بس کو کَنکَر سے بھری ہوئی ٹِپر نے ٹکر ماری اور بعد میں بس پر الٹ گئی۔ اس ہولناک حادثے میں 21 افراد ہلاک ہو گئے، جب کہ کئی دیگر شدید زخمی ہوئے ہیں۔
حادثے میں ایک خاتون کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جب کہ اس کے شوہر بری طرح زخمی ہو گئے۔ ان کے تینوں بچے معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔ پولیس نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور دبے ہوئے مسافروں کو بس سے نکالا۔ بچے اپنی ماں باپ کے لئے روتے ہوئے جائے حادثہ پر بیٹھے دکھائی دیے، جس سے منظر نہایت دردناک بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق تانڈور ڈپو کی آر ٹی سی بس تانڈور سے حیدرآباد جا رہی تھی کہ چیوڑلہ منڈل کے مرزا پور کے قریب تیز رفتار ٹِپر بے قابو ہو کر سامنے سے آر ٹی سی بس سے ٹکرا گئی اور بعد میں بس پر الٹ گئی۔ بھاری مقدار میں موجود کَنکَر بس کے اندر گرنے سے کئی مسافر دب گئے۔
حادثے میں بس ڈرائیور سمیت پچھلی نشستوں پر بیٹھے کئی مسافر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں ایک دس ماہ کا شیرخوار بچہ بھی شامل ہے۔ کئی مسافر ملبے تلے دب کر دم توڑ گئے۔ تاہم، بس کنڈکٹر رادھا حادثے سے زندہ بچ گئی ہیں۔





