بارش سے متاثرہ فصلوں کو اقل ترین امدادی قیمت پر خریدا جائے : رکن کونسل کویتا

غیر موسمی بارش کے باعث فصلیں تباہ،کسان شدید مشکلات کا شکار
آنکھوں میں آنسو اور دل میں درد کے سوا کچھ نہیں بچا
حکومت فی الفور راحتی اقدامات روبہ عمل لائے
بارش سے متاثرہ فصلوں کو اقل ترین امدادی قیمت پر خریدا جائے
صدر تلنگانہ جاگروتی ورکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کے کویتا کا پرزور مطالبہ
صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے ریاست میں جاری غیر موسمی بارش کے سبب کسانوں کو درپیش سنگین مسائل پر تشویش کا اظہار کیا اور ریاستی حکومت سے فوری راحتی اقدامات کا مطالبہ کیا
۔انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ریاست کے کسان دن رات محنت کرکے فصلیں اگاتے ہیں، فصلیں بارش کی ایک ہی لپیٹ میں برباد ہو گئیں۔ کھیتوں میں سنہری دھان کی خوشبو ابھی فضا میں رچی بسی تھی کہ طوفانی بارش نے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
آفت سماوی نے کسانوں کو شدید مالی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ کسانوں کی آنکھوں میں آنسو اور دل میں درد کے سوا کچھ باقی نہ رہا۔انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کی ناقص منصوبہ بندی اور انتظامی نااہلی کی وجہ سے پہلے ہی فصلوں کی بروقت خریداری ممکن نہ ہو سکی اور اب آفت سماوی نے دہلیز پر دستک دی ہے
تو کسانوں کی آنکھوں میں آنسو اور دل میں بے بسی کے سوا کچھ نہیں بچا۔کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر موسمی بارش سے متاثرہ لاکھوں میٹرک ٹن دھان کو فوری طور پر اقل ترین امدادی قیمت پر خریدے۔کسانوں کو بلا تاخیر مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اگلی فصل کی تیاری کے قابل ہو سکیں۔بارش سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کے نقصان کا منصفانہ سروے کروایا جائے اور متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔
کویتا نے کہا کہ ریاست کی خوشحالی کسان کی خوشی سے مربوط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے کسان کو تنہا نہ چھوڑے بلکہ اس کی فصل کو، اُس کے خوابوں کو، اُس کی محنت کو تحفظ فراہم کرے۔
کویتا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی حالت زار پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور سیاسی بیان بازی کے بجائے عملی اقدامات کرتے ہوئے فوری طور پرغیر موسمی بارش سے متاثرہ دھان اور دیگر فصلوں کو اقل ترین امدادی قیمت پر خریدا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسان صرف غذا کے ضامن نہیں بلکہ قوم کےمعمار ہیں، ان کے آنسو ریاست کی زمین کو بنجر بنا سکتے ہیں۔