حیدرآباد میں کانگریس پارٹی کی جانب سے موم بتی ریالی – چیف منسٹر ریونت ریڈی ؛ صدر مجلس بیرسٹر اویسی اور دیگر قایدین کی شرکت

کشمیر کے پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے خلاف کانگریس پارٹی کی جانب سے حیدراباد کے نکلس روڈ سے اندرا گاندھی کے مجسمہ تک موم بتی ریالی نکالی کی ۔
جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی ؛ صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلیمن و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی ؛ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ،وقف بورڈ چیئرمین سید عظمت اللہ حسینی ؛ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید، محمد اظہر الدین، جگا ریڈی، وی ہنمنت راؤ، رکن پارلیمنٹ انیل یادو، ڈی سی سی صدر روہن ریڈی، ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، قانون ساز کونسل کے ارکان، کارپوریشن چئیرمین اور دیگر قائدین و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملک میں قیام امن کے لیے دعائیں کی گئیں۔
بعد ازاں تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہشت کرد حملہ کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بربریت پر خاموشی مناسب نہیں اور مرکزی حکومت کو فوری طور پر سخت رویہ اختیار کرنا ہوگا تاکہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔چیف منسٹر نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد ہونا ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف مرکزی حکومت جو بھی اقدامات کرے گی، ریاستی حکومت اور عوام ان کی مکمل حمایت کریں گے۔ریونت ریڈی نے کہا کہ ہمیں ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے لیے متحد ہوکر انتہاپسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا
۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملوں میں ملوث افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی ایسی حرکت کرنے کی جرأت نہ کرے