تلنگانہ

بانسواڑہ فرقہ وارانہ تشدد واقعہ پر مقدمہ درج – واقعہ پر ضلع ایس پی کاماریڈی کا بیان

تلنگانہ کے بانسواڑہ ٹاؤن میں جمعہ کی شام تقریباً ساڑھے چار بجے ریلائنس مارٹ میں پیش آئے ایک واقعے نے وقتی طور پر کشیدگی پیدا کر دی۔ اطلاعات کے مطابق وہاں کام کرنے والی ایک خاتون بھکتی گیت سن رہی تھیں کہ اسی دوران ایک شخص نے وہاں پہنچ کر ’’دوسرے گانے بھی سن سکتے ہیں‘‘ کہتے ہوئے ویڈیو بنائی۔ خاتون کی شکایت پر بانسواڑا ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

 

واقعے کی خبر پھیلتے ہی دونوں گروہوں سے تعلق رکھنے والے چند افراد ریلائنس مارٹ کے قریب جمع ہو گئے اور بحث و تکرار کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اطلاع ملتے ہی ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجیش چندرا موقع پر پہنچے اور دونوں فریقین سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

پولیس کے مطابق اس وقت بانسواڑہ کی صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے اور امن و امان برقرار ہے۔ حساس علاقوں میں خصوصی پولیس فورس تعینات کی گئی ہے، اہم مقامات پر پکٹ قائم کیے گئے ہیں اور پٹرولنگ گاڑیوں کے ذریعے مسلسل نگرانی جاری ہے۔

 

ضلعی ایس پی نے خبردار کیا ہے کہ واٹس ایپ، فیس بک اور ایکس جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر اگر کوئی مذہبی منافرت کو ہوا دینے والی آڈیو، ویڈیو یا پیغامات شیئر کرے گا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہوگی

 

۔ انہوں نے کہا کہ قابلِ اعتراض پوسٹس کرنے والوں کے ساتھ متعلقہ گروپ ایڈمن کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں اور نفرت انگیز پروپیگنڈے سے دور رہیں، مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button