کانگریس حکومت میری موت کی بددعائیں دینے کو ہی اپنی پالیسی بنا چکی ہے: چندر شیکھر راؤ کا سنسنی خیز الزام

حیدرآباد _ تلنگانہ کی سیاست میں ایک بار پھر گرما گرمی دیکھنے میں آئی ہے۔ بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے کانگریس حکومت پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سنبھالے دو سال گزرنے کے باوجود حکومت ایک بھی نئی پالیسی متعارف کرانے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت کی سیاست محض مجھے گالیاں دینے اور میری موت کی بددعائیں دینے تک محدود ہوکر رہ گئی ہے۔
حیدرآباد کے تلنگانہ بھون میں کے سی آر کی صدارت میں بی آر ایس کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے گرام پنچایت انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کے لیے کام کرنے والے کارکنان کو مبارکباد دی اور کہا کہ بی آر ایس نے ان انتخابات میں قابلِ ذکر نتائج حاصل کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمراں جماعت کے خلاف عوامی ناراضگی انتخابی نتائج میں صاف جھلکتی ہے، جبکہ غرور میں مبتلا کانگریس ایم ایل ایز کو عوام نے مناسب سبق سکھایا ہے۔
کے سی آر نے کہا کہ بی آر ایس کے دورِ حکومت میں کبھی اپوزیشن کے خلاف اس نوعیت کے متکبرانہ اور جابرانہ ہتھکنڈے اختیار نہیں کئے گئے، مگر موجودہ کانگریس حکومت اپوزیشن سے نمٹنے کے نام پر تشدد اور اشتعال انگیزی کو فروغ دے رہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ انڈے پھینکنے اور طاقت کے استعمال جیسے رویوں کو ہوا دی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف نئی اسکیمیں لانے میں ناکام رہی ہے بلکہ پرانی فلاحی اسکیموں کو بھی بند کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام تر توجہ رئیل اسٹیٹ سے متعلق پالیسیوں پر مرکوز ہے۔




