حیدرآباد میں آوارہ کتے کے حملے میں معصوم بچہ زخمی

حیدرآباد ۔شہرِ حیدرآباد میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد عوام کے لیے خوف و ہراس کا سبب بنتی جا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں خیرت آباد کے حدود میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے مقامی لوگوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے
جہاں ایک آوارہ کتے نے ایک کمسن بچے پر اچانک اور بے رحمانہ حملہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سرینواس نگر کا رہنے والا پاکا شروی نامی چار سالہ بچہ منگل کے روز اپنے گھر کے سامنے کھیل رہا تھا کہ اسی دوران ایک آوارہ کتا اچانک اس پر جھپٹ پڑا۔ کتے کے حملے میں بچے کے چہرے پر گہری چوٹیں آئیں اور وہ شدید زخمی ہو گیا۔
بچے کی دردناک چیخ و پکار سن کر وہاں سے گزرنے والا ایک موٹر سائیکل سوار، بچہ کے ماں باپ اور مقامی افراد فوراً موقع پر پہنچ گئے اور بڑی مشکل سے کتے کو وہاں سے بھگا دیا۔ بعد ازاں زخمی بچے کو فوری طور پر علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
واقعے کے بعد علاقے کے مکینوں نے جی ایچ ایم سی حکام سے آوارہ کتوں کے مسئلے پر فوری اور مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



