تلنگانہ

شمش آباد ایئرپورٹ کے قریب مامڑپلی میں نیا حج ھاؤس تعمیر کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اعلان

چیف منسٹر مسٹر ریونت ریڈی نے واضح کیا ہے کہ ریاستی حکومت اقلیتی طبقات، خصوصاً مسلمانوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی ترقی کے لیے پوری طرح سنجیدہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مسلمانوں میں بڑی تعداد غریب افراد کی ہے، اس لیے حکومت کی جانب سے جو بھی فلاحی اسکیمات شروع کی جاتی ہیں، اُن میں مسلمانوں کو ان کی آبادی کے لحاظ سے مکمل مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 

چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب مامڈی پلی میں عازمین کی سہولت کے لیے نیا حج ھاؤس  تعمیر کیا جائے گا جس پر 25 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے اُنہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی میں ایک بار ضرور حج کرے، اور اس سال حکومت کو 6 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں، جنہیں مکمل طور پر منظور کرلیا گیا ہے۔

 

نامپلی حج ہاؤز میں عازمین کی روانگی کے موقع پر منعقدہ پروگرام میں، چیف منسٹر نے عازمین کو وداع کرتے ہوئے بسوں کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس موقع پر اُنہوں نے عازمین کو نیک خواہشات پیش کیں۔

 

ریونت ریڈی نے بتایا کہ تلنگانہ کے ساتھ ساتھ ملک کی مختلف ریاستوں سے آنے والے حاجیوں کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ حکومت ہر طرح کی مدد فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج پر جانا آپ کا حق ہے اور حکومت اس میں مکمل تعاون کرے گی۔ حاجیوں کی خدمت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اس میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔

 

چیف منسٹر نے حیدرآباد کے ایم پی بیرسٹر اسد الدین اویسی کے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ صرف "اولڈ سٹی” نہیں بلکہ "اوریجنل سٹی” ہے، اور اس کے لیے حکومت نے رکن پارلیمنٹ کی درخواست سے بھی بڑھ کر تقریباً 2000 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا ہے، جن میں میٹرو توسیع، سڑکوں کی تعمیر، میر عالم ٹینک کیبل بریج وغیرہ شامل ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ اندراماں ہاؤزنگ، فیس ری ایمبرسمنٹ جیسی اسکیمات میں مسلمانوں کو مناسب حصہ دیا جا رہا ہے۔ راجیو یووا وکاسم اسکیم کے تحت مستحق مسلم نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 

 

انہوں نے حج پر روانہ ہونے والے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ملک، ریاست اور عوام کے امن و سکون کے لیے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بھی حاجیوں سے موصول ہونے والی درخواستوں کا خیرمقدم کرے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

 

اس موقع پر ریاستی مشیر محمد علی شبیر،صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلیمن و رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی،چیرمین وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ؛ چیئرمین حج کمیٹی مولانا خسرو بیابانی ؛ چیئرمین اقلیتی مالیاتی کارپوریشن عبیداللہ کوتوال ؛ صدر اُردو اکیڈمی طاہر بن حمدان  دیگر عوامی نمائندے، حج کمیٹی اراکین اور افسران بھی شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button