چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کانگریس دور حکومت کو سنہرے دور سے تعبیر کیا – گاندھی بھون میں پارٹی اجلاس سے خطاب

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ کانگریس حکومت کے 18مہینے ریاست کے لئے سنہری دور ثابت ہوئے ہیں۔ اس دور میں کئے گئے ترقیاتی اور عوامی بہبود کے کاموں کو عوام کے سامنے موثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
گاندھی بھون میں کانگریس قایدین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی 10 سالہ حکومت اور کانگریس کی 18 ماہ کی حکومت کا موازنہ کرتے ہوئے عوام کو حقائق پیش کریں۔ انہوں نے اپوزیشن بی آر ایس کو چیلنج کیا کہ وہ بی آر ایس اور کانگریس دورحکومت میں ہوئے ترقیاتی اور عوامی بہبود کے کاموں پر کھلے عام مباحث کے لئے تیار رہیں۔
چیف منسٹر نے کہا کہ کانگریس حکومت نے اپنے وعدہ کے مطابق صرف ایک سال کے اندر 60ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے اور مزید 30ہزار سرکاری ملازمتوں پر تقررات کا عمل جاری ہے۔
18مہینوں میں کسانوں کی ترقی وبہبود پر 1,04,000 کروڑ کی رقم خرچ کی گئی جن میں قرض معافی کے علاوہ رعیتو بھروسہ اور دیگر زرعی اسکیمات شامل ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملک کی کسی بھی حکومت نے کسانوں کے لئے اتنی رقم خرچ نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کے ڈائیٹ چارجس میں 40 فیصد اور کاسمیٹک چارجس میں 200 فیصد کا اضافہ کیاگیا
چیف منسٹر نے کہا کہ دیڑھ سال کے دوران کانگریس حکومت نے پارٹی کے لئے سخت محنت اور جدوجہد کرنے والے 65 قائدین کو نامزد عہدے دیئے۔ اس کے علاوہ مزیدنامزد عہدے دیئے جانے باقی ہیں۔ ساتھ ہی مارکٹ کمیٹیوں اور مندر کمیٹیوں کے عہدے بھی بہت جلد پر کئے جائیں گے
۔ چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو انتباہ دیا کہ اگر کوئی شخص صرف عہدے لے کر کام نہیں کرتا ہے تو ایسی صورت میں پی سی سی صدر ایسے افراد کی شناخت کرتے ہوئے انہیں عہدہ سے ہٹادیں گے