چیف منسٹر ریونت ریڈی سے سرکردہ سابق ماونواز قایدین کی ملاقات

حیدرآباد: حالیہ دنوں خودسپرد ہونے والے سرکردہ ماؤ نواز قائدین نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ان کی بات کو سنجیدگی سے سنا اور مثبت رویہ اختیار کیا۔
ان قائدین نے ڈائریکٹر جنرل پولیس شیو دھر ریڈی اور آئی جی سُمتی کی جانب سے کیے گئے انتظامات اور تعاون کی بھی ستائش کی اور کہا کہ انہیں بہتر انداز میں دیکھا گیا۔
ملاقات کے دوران ماؤ نواز قائدین نے مطالبہ کیا کہ ریوارڈ پالیسی میں ترمیم کرتے ہوئے انعامی رقم کو بڑھا کر ایک کروڑ روپے کیا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے رہائش کے لیے مکان، روزگار اور گزارہ بھتہ فراہم کرنے کی درخواست بھی پیش کی۔
چیف منسٹر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت بازآبادکاری کے عمل کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور مناسب سہولتیں فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔
ماؤ نواز قائدین نے مزید کہا کہ اگر ریاستی حکومت اجازت دے تو وہ تمام جیلوں میں بند ماؤ نواز کیڈر سے ملاقات کر کے انہیں یہ سمجھائیں گے کہ بندوق کا نظریہ مسائل کا حل نہیں ہے اور پرامن راستہ ہی بہتر مستقبل کی ضمانت دے سکتا ہے۔



