دسویں جماعت کے امتحانات کے درمیان وقفہ کو کم کرنے کا جائزہ لینے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت

تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحانی شیڈول پر نظرِ ثانی کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے۔ ایم ایل سی سری پال ریڈی نے ہفتہ کو چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کر کے امتحانات کی تاریخوں کے درمیان وقفہ کم کرنے کی اپیل کی اور اس سلسلے میں ایک تحریری یادداشت بھی پیش کی۔
ایم ایل سی نے چیف منسٹر کو بتایا کہ موجودہ شیڈول کے تحت ہر امتحان کے درمیان پانچ دن کا وقفہ رکھا گیا ہے، جس کے باعث دسویں جماعت کے امتحانات تقریباً ایک ماہ تک جاری رہتے ہیں۔ طلبہ اور اساتذہ کی جانب سے اس طویل مدت پر اعتراضات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ طلبہ اسے غیر ضروری ذہنی دباؤ قرار دے رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امتحانات کے درمیان دنوں کی تعداد کم کر کے شیڈول کو زیادہ موزوں بنایا جائے۔
چیف منسٹر نے اس نمائندگی پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے اپنے پرنسپل سکریٹری اجیت ریڈی کو ہدایت دی کہ دسویں جماعت کے امتحانی تاریخوں کے مسئلہ کا جائزہ لیا جائے۔ ملاقات کے موقع پر ہی آر ٹی وی کے ریاستی صدر دامودر ریڈی، آڈٹ کمیٹی چیئرمین سومی ریڈی، سرینواس ریڈی اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔



