تلنگانہ

حیدرآباد کے پرانا پل علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی۔ پولیس فورس تعینات ، حالات قابو میں۔شہریوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے پولیس کی اپیل

حیدرآباد کے پرانے شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگی

حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانے شہر میں اشرار کی جانب سے امن و امان کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی جس سے فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی تاہم پولیس نے اشرار کی ان کوششوں کو ناکام بنادیا۔

 

فوری موصولہ اطلاعات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پرانا پل دروازہ کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے تہوار کی مبارکباد کے لیے لگائے گئے ایک پوسٹر کو پھاڑ دیا جس کے بعد وہاں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔

 

شرپسندوں نے چھلہ مبارک میں نصب جھنڈے کو اکھاڑ کر سڑک پر پھینک دیا اور نشان مبارک کو نقصان پہنچایا۔ مزاحمت کرنے والے چند نوجوان زخمی ہوگئے جنہیں دواخانہ منتقل کیا گیا۔

 

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حالات پر قابو پالیا اور لاٹھی چارج کے ذریعے ہجوم کو منتشر کردیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی سی پی ساؤتھ زون کرن کھیرے آئی پی ایس، اے سی پی فلک نما محمد جاوید اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موقع پر پہنچ گئے۔

 

رکن اسمبلی مجلس چارمینار میر ذوالفقار علی نے اشرار کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی کہ حالات مکمل طور پر قابو میں ہیں۔ شہر میں احتیاطی طور پر پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور پولیس چوکس ہے۔

 

پرانا پل علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی اطلاع  کے ساتھ ہی شہر میں افواہوں کا بازار گرم ہو گیا اور شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ پولیس نے احتیاطی طور پر پرانا پل کی طرف جانے والے راستے کو بیریکیڈس لگا کر بند کر دیا تھا۔

 

صورتحال کے پیش نظر اضافی دستوں کو اس علاقے میں تعینات کر دیا گیا ہے صورتحال کشیدہ لیکن قابو میں بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں

 

صورتحال قابو میں ہے اور اضافی فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے اعلی عہدداران صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button