تلنگانہ

تلنگانہ بلدی انتخابات میں کانگریس کی شاندار کارکردگی، بی آر ایس کمزور، بی جے پی کو کراری شکست

حیدرآباد: تلنگانہ کے بلدی انتخابات میں کانگریس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انتخابی نتائج میں ریاست کی بڑی اپوزیشن جماعت بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) اور بی جے پی کی کارکردگی خراب رہی ہے۔

 

 

جمعہ کے روز 116 بلدیاتی کونسلوں اور سات میونسپل کارپوریشنوں کے لیے ووٹوں کی گنتی ہوئی۔ان انتخابات کو ریاست میں کانگریس حکومت کی شہری ووٹروں کے درمیان مقبولیت جانچنے کے لیے ایک ’منی ریفرنڈم‘ کے طور پر دیکھا جا رہا تھا۔ دسمبر 2023 میں تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت بنی تھی۔ بلدی انتخابات میں وزیر اعلیٰ ریڈی نے پوری طاقت لگا دی۔ انتخابی مہم کے دوران ریونت ریڈی اور ان کے کابینی رفقاء نے اپنی حکومت کی اسکیموں کو اہم مسئلہ بنایا۔

 

 

کانگریس رہنماؤں نے مہم کے دوران بی آر ایس کی قیادت پر بھی حملے کیے۔ خاص طور پر سابق وزیر اعلیٰ کے۔ چندر شیکھر راؤ عرف کے سی آر کے خاندان کو نشانہ بنایا گیا۔تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش گوڑ نے بتایا کہ ریاست کے شہری علاقوں نے کانگریس کی حمایت کی ہے اور ریونت ریڈی حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے پر خوشی ظاہر کی ہے۔

 

 

انہوں نے کہا کہ ریاست میں کانگریس کا کوئی مقابلہ نہیں ہے اور ہم نے توقعات سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔بی آر ایس کا دعویٰ ہے کہ اس نے کانگریس کو سخت ٹکر دی ہے اور درجنوں نشستیں ایسی ہیں جہاں اسے بہت کم فرق سے شکست ہوئی ہے۔ بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ عرف کے ٹی آر نے کہا کہ ان کی پارٹی بلدیاتی انتخابات میں مرکزی اپوزیشن جماعت کے طور پر ابھری ہے

 

 

جبکہ بی جے پی کافی پیچھے رہ گئی ہے۔بی جے پی کا کہنا ہے کہ وہ ان نتائج سے خوش نہیں ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کے صدر رام چندر راؤ نے کے مطابق ’’ایسا لگتا ہے کہ کانگریس، بی آر ایس، اے آئی ایم آئی ایم اور بائیں بازو کی جماعتوں نے مل کر بی جے پی کو ہرانے کی سازش رچی۔‘‘ بلدی انتخابات کے نتائج سے کانگریس کافی پرجوش ہے۔ تلنگانہ میں اس سال کے اختتام تک گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی)، ملکاجگری میونسپل کارپوریشن (ایم ایم سی) اور سائبرآباد میونسپل کارپوریشن (سی ایم سی) کے انتخابات ہونے ہیں۔

 

 

مہیش گوڑ نے دعویٰ کیا، ’’کانگریس جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں بھی شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔‘‘

متعلقہ خبریں

Back to top button