تلنگانہ کانگریس کا 40 سالہ وفادار سپاہی جیون ریڈی نے پارٹی چھوڑ دی – کہا 20 ماہ کی توہین کے بعد صبر ٹوٹ گیا
تلنگانہ کے جگتیال اسمبلی حلقہ میں کانگریس پارٹی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے پارٹی سے استعفیٰ پیش کردیا،
جگتیال کے ایک فنکشن ہال میں اپنے حامیوں کے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 40 سال تک پارٹی کی بے لوث خدمت کے باوجود انہیں مناسب عزت نہیں ملی۔ انہوں نے پارٹی میں دیگر جماعتوں کے ایم ایل ایز کو شامل کرنے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے غلط روایت قرار دیا۔
جیون ریڈی نے جگتیال کے موجودہ ایم ایل اے ڈاکٹر سنجے کمار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ کارکنان کی مرضی کے خلاف انہیں پارٹی میں شامل کیا گیا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ وہ اپنے حامیوں کو بھی انصاف نہیں دلا سکے۔
قومی قیادت پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے انہوں نے راہول گاندھی کے نعروں کا حوالہ دیا اور کہا کہ زمینی سطح پر ان اقدار پر عمل نہیں ہو رہا۔ ساتھ ہی ایم ایل اے سنجے پر بھی پارٹی کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا الزام لگایا۔
انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ان کے قریبی ساتھی کے قتل کے بعد بھی چیف منسٹر نے ملاقات نہیں کی۔ “میں 20 مہینوں سے توہین برداشت کر رہا ہوں، اب صبر کی حد ختم ہو چکی ہے، عزت کے بغیر کام ممکن نہیں” کہتے ہوئے انہوں نے پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی چھوڑنے کے باوجود وہ اندرا گاندھی کے نظریات کے مطابق عوامی خدمت جاری رکھیں گے۔



