کانگریس صرف مسلم ووٹ بینک کی سیاست کے لیے کام کرتی ہے‘‘ بی جے پی قومی صدر کا محبوب نگر میں جلسہ سے خطاب

کانگریس صرف مسلم ووٹ بینک کی سیاست کے لیے کام کرتی ہے‘‘ بی جے پی قومی صدر کا محبوب نگر میں جلسہ سے خطاب
حیدرآباد: بی جے پی کے قومی صدر نتن نبین نے الزام لگایا ہے کہ تلنگانہ میں ریونت ریڈی کی قیادت والی حکومت خوشامدانہ سیاست کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈی حکومت تلگو عوام، تلگو زبان اور سماجی تانے بانے کو دبانے کا کام کر رہی ہے۔
چہارشنبہ کے روز محبوب نگر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نتین نبین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کھلے عام ایسے نعرے لگاتے ہیں جن سے ثقافت اور سناتنی روایات کو نقصان پہنچتا ہے اور ’’کانگریس کا مطلب مسلمان اور مسلمان کا مطلب کانگریس‘‘ جیسے نعرے ان کی ذہنیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
بی جے پی صدر نے الزام لگایا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے دوران مندروں پر حملے ہوئے۔ کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا’’کانگریس صرف مسلم ووٹ بینک کی سیاست کے لیے کام کرتی ہے عام عوام کے لیے نہیں۔ تلنگانہ کے لوگ اور تلگو بولنے والے افراد ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے۔‘‘
نتن نبین نے یہ بھی الزام لگایا کہ تلنگانہ میں وقف بورڈ ملک کے امیر ترین بورڈس میں سے ایک بن گیا ہے جس کے پاس تقریباً 77 ہزار ایکڑ زمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر سماج کے مفادات کی قیمت پر وقف بورڈ کو مضبوط کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔
زعفرانی جماعت کے قومی صدر نے الزام لگایا کہ بی آر ایس اور کانگریس دونوں حکومتیں تلنگانہ کی عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہیں۔ نتن نبین نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ریل کوریڈور اور ہلدی بورڈ کے اعلانات تلنگانہ کی ترقی کے تئیں این ڈی اے حکومت کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔



