تلنگانہ

بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی کے توہین آمیز ریمارکس کے خلاف جگتیال میں کانگریس اقلیتی قائدین کا شدید احتجاج

تلنگانہ کے حضورآباد کے رکنِ اسمبلی اور بی آر ایس پارٹی کے رہنما کوشک ریڈی کی جانب سے کریم نگر کے پولیس کمشنر غوث عالم کے خلاف مذہب کی بنیاد پر توہین آمیز اور قابلِ اعتراض ریمارکس کئے جانے کے خلاف جگتیال میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ اس واقعہ کے خلاف آج جگتیال کانگریس پارٹی کے ضلع صدر سراج الدین منصور کی قیادت میں لڈو خواجہ چوراہا پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

 

احتجاج کے دوران کانگریس کارکنان نے کوشک ریڈی کے خلاف نعرے بازی کی اور ان کی تصویر نذرِ آتش کرتے ہوئے سخت مذمت کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ مذہبی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات پر فوری کارروائی کی جائے اور ذمہ داران کے خلاف قانونی اقدامات کئے جائیں۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس قائدین نے کہا کہ ایک منتخب نمائندہ کی جانب سے اس نوعیت کے بیانات نہ صرف آئینی اقدار کے منافی ہیں بلکہ سماجی ہم آہنگی کے لئے بھی خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کمشنر غوث عالم ایک ذمہ دار آفیسر ہیں اور ان کے خلاف مذہب کی بنیاد پر بیان دینا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔

 

احتجاج میں جگتیال ٹاؤن صدر اقلیتی ڈپارٹمنٹ کانگریس مکثر علی نہیال، سابق کونسلرس ساجد پٹواری، محمد اظہر، کانگریس قائدین مجیب الدین ؛ اصغر شاہ ؛ زبیر ملک کے علاوہ پارٹی کے دیگر قائدین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مظاہرین نے واضح کیا کہ اگر ایسے بیانات کا سلسلہ بند نہ ہوا تو احتجاج کو مزید شدت دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button