حیدرآباد کے لنگر حوض میں مگرمچھ سے مقامی عوام میں تشویش

حیدرآباد کے لنگر حوض کے قریب ایک بار پھر موسی ندی میں مگرمچھ نظر آیا جس کے باعث مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بتایا گیا کہ رواں سیزن میں یہ تیسری مرتبہ ہے جب موسی ندی میں مگرمچھ کی موجودگی دیکھی گئی۔
اتوار کی شام کچھ بچے ندی کنارے کھیل رہے تھے کہ اچانک ایک بڑے پتھر پر مگرمچھ دکھائی دیا۔ بچوں نے فوری طور پر مقامی افراد کو اطلاع دی۔ بڑی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے اور اپنے موبائل فون پر مناظر قید کرلیے۔ بعد ازاں جنگلات کے حکام اور پولیس کو بھی خبر دی گئی۔
چند دن قبل بھی کشن باغ، اسد بابا نگر اور چیتنیہ پوری کے قریب موسی ندی میں مگرمچھ دیکھے گئے تھے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حمایت ساگر کے گیٹ کھولنے کے بعد موسی ندی میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مگرمچھوں کی نقل و حرکت بڑھ گئی ہے اور ندی کے کنارے رہنے والے لوگ سخت تشویش اور خوف میں مبتلا ہیں۔