” پتاجی، آپ کے ارد گرد کیا ہو رہا ہے، ایک بار دیکھ لیجئے”۔آج میرے ساتھ جو ہوا کل یہی خطرہ آپ کے اورکے ٹی آر کیلئے بھی ہے: کویتا

حیدرآباد: بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کی سینئر قائد و ایم ایل سی کویتا نے پارٹی میں جاری سازشوں کے خلاف علمِ بغاوت بلند کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت اور ایم ایل سی عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے واضح الزام عائد کیا کہ بی آر ایس کے چند افراد بالخصوص سابق وزیر ہریش راؤ اور سابق ایم پی سنتوش اُن کے خلاف منظم طور پر غلط پروپیگنڈہ کررہے ہیں۔
کویتا نے حیدرآباد میں تلنگانہ جاگرتی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کی جانب سے معطلی کے بعد وہ اس صورتحال پر وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ایسے لوگ سرگرم ہیں جو صرف ذاتی مفاد اور دولت کے پیچھے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ہم تینوں (کویتا، کے سی آر، کے ٹی آر) مل کر رہیں اسی وجہ سے اُنہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
کویتا نے جذباتی انداز میں کہا ’’میرا اور میرے خاندان کا اتحاد کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ اس کا آغاز مجھے پارٹی سے باہر نکالنے سے ہوا۔ یہ سازش یہیں ختم نہیں ہوگی۔ والد صاحب (کے سی آر) آپ کے ارد گرد کیا ہو رہا ہے، ایک بار غور کیجئے کل یہی خطرہ کے ٹی آر اور آپ کے لیے بھی موجود ہے۔‘‘
انہوں نے بی آر ایس پر الزام عائد کیا کہ اُنہیں پارٹی پر قبضہ کرنے کی سازش کے تحت باہر نکالا گیا۔ کویتا نے مزید کہا کہ’’ہریش راؤ تلنگانہ تحریک کے آغاز سے ساتھ نہیں تھے وہ دس ماہ بعد آئے۔ وہ پہلے ہی چیف منسٹرریونت ریڈی کے آگے جھک چکے ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا ہریش راؤ اور ریونت ایک ہی فلائٹ میں سفر نہیں کر رہے؟ اس کا سچ سامنے آنا چاہیے۔‘‘