تلنگانہ میں روزانہ 36 ہزار کلو لیٹر کی ضرورت ، 1.88 لاکھ کلو لیٹر ایندھن ذخیرہ موجود : چيف منسٽر ريونت ريڈی کی وزیراعظم کو بریفنیگ

تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ریاست میں پٹرول، ڈیزل اور گیس کی سپلائی پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی کمی کا اندیشہ نہیں۔ویڈیو کانفرنس کے دوران چیف منسٹر نے بتایا کہ چیف سکریٹری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے
جو حیدرآباد کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے حالات کی نگرانی کر رہی ہے۔ 33 اضلاع میں بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سپلائی، فروخت اور بلیک مارکیٹنگ پر قابو پایا جا رہا ہے، جبکہ اسپتالوں، اسکولوں اور دیگر اہم اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جا رہی ہے
۔انہوں نے بتایا کہ ریاست میں روزانہ تقریباً 36 ہزار کلو لیٹر ایندھن استعمال ہوتا ہے، جبکہ اس وقت 1.88 لاکھ کلو لیٹر سے زائد ذخیرہ موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے
۔چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ریاست میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جس میں ٹیکس اور رجسٹریشن فیس میں مکمل چھوٹ بھی شامل ہے، تاکہ مستقبل میں روایتی ایندھن پر انحصار کم کیا جا سکے۔



