بیوی اور دو بچوں کا قتل کرنے والے شخص کو پھانسی کی سزا – تلنگانہ کے وقارآباد ضلع عدالت کا سنسنی خیز فیصلہ

تلنگانہ کے وقارآباد ضلع عدالت نے ایک سنسنی خیز مقدمہ میں بیوی اور دو بچوں کے قتل کے مرتکب ملزم کو سزائے موت سنادی۔ یہ واردات 2019 میں پیش آئی تھی، جس میں پراوین نامی شخص نے اپنی بیوی اور دونوں بچوں کو قتل کرکے اسے خودکشی کا واقعہ ظاہر کرنے کی کوشش کی تھی۔ تفتیش کے دوران ملزم کے ہاتھوں قتل ثابت ہونے پر عدالت نے پھانسی کی سزا مقرر کی۔
پولیس کے مطابق 32 سالہ پراوین کمار ایک خانگی ملازم تھا اور وقارآباد میں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ رہتا تھا۔ اس نے اپنی بیوی چاندنی پر ناجائز تعلقات کے شبہ میں لوہے کی راڈ سے حملہ کرکے اسے قتل کیا۔ بعد ازاں اس نے اپنی پانچ سالہ بیٹی انچل اور نو سالہ بیٹے ایان کو بھی موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تحقیقات میں سامنے آیا کہ چاندنی پراوین کی دوسری بیوی تھی جبکہ ایان اس کے پہلے شوہر کی اولاد تھا، البتہ انجل پراوین کی حقیقی بیٹی تھی۔ پولیس کے مطابق پراوین شراب نوشی کا عادی تھا اور بیوی سے اکثر جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔ واقعہ کے بعد وہ خودکشی کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم بعد میں پولیس کے سامنے خود کو پیش کردیا۔
تمام شواہد اور جرم کی سنگینی کا جائزہ لینے کے بعد وقارآباد ڈسٹرکٹ کورٹ نے پراوین کو سزائے موت کا حکم سنایا۔



