تلنگانہ

ریاست بھر میں 25 جولائی سے نئے راشن کارڈ کی تقسیم – چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ویڈیو کانفرنس

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ریاست بھر میں نئے راشن کارڈز کی تقسیم کا عمل 25 جولائی سے 10 اگست تک منڈل سطح پر سرکاری طور پر انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔

 

انہوں نے ضلع کلکٹروں کے ساتھ منعقدہ ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ اس پروگرام کو منظم اور شفاف انداز میں روبہ عمل لایا جائے۔ ریونت ریڈی نے واضح کیا کہ تمام منڈل مراکز میں راشن کارڈز کی تقسیم کی جائے اور اس عمل میں ارکان اسمبلی اور ضلعی انچارج وزراء کو بھی شامل رکھا جائے تاکہ عوام میں اعتماد پیدا ہو اور حکومت کی فلاحی اسکیموں کا فائدہ براہِ راست مستحق افراد تک پہنچے۔

 

انہوں نے ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ ہر منڈل میں راشن کارڈ تقسیم کے پروگرام کی نگرانی وہ خود اور ایڈیشنل کلکٹر کریں، تاکہ اس اہم عمل میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔ چیف منسٹر نے کہا کہ باریک چاول کی سربراہی کے بعد عوام کی راشن شاپس میں دلچسپی بڑھی ہے اور راشن کارڈز کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مکمل شفافیت کے ساتھ مستحق افراد کو راشن کارڈ جاری کیے جائیں۔

 

 

متعلقہ خبریں

Back to top button