حیدرآباد میں کتوں کا حملہ ڈیڑھ سالہ لڑکا ہلاک۔ چیف منسٹر کا اظہار رنج۔ عہدیداروں کو خصوصی ہدایت
حیدرآباد: حیدرآباد کے جواہر نگر کے علاقہ میں آوراہ کتوں کے حملہ میں معصوم بچہ ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سدی پیٹ ضلع سے تعلق رکھنے والے بھرت اور لکشمی اپنے بیٹے کے ساتھ تلاش معاش کیلئے حال ہی میں حیدرآباد منتقل ہوئے۔ ان کے بیٹے کی شناخت ڈیڑھ سالہ ویہان کے طور پر کی گئی ہے۔
لکشمی اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ آدرش نگر، جواہر نگر میں اپنے بھائی کے گھر میں مقیم تھی۔ ویہان منگل کی شام تقریباً 7 بجے گھر کے سامنے کھیل رہا تھاکہ اچانک آوارہ کتوں نے اس پر حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں بچہ کی موت ہوگئی۔ حیدرآباد کے جواہر نگر میں آوارہ کتوں کےحملہ میں معصوم بچہ کی موت پر چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے عہدیداوں کو ہدایت دی کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا اعادہ نہ ہوں اس کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
ریونت ریڈی نے ہدایت دی کہ جن علاقوں میں آوارہ کتوں کا مسئلہ درپیش ہے وہاں شکایت کی وصولی کے لئے کال سنٹر یا ٹول فری نمبر کی سہولت کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر صحت عامہ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے تحت واقع تمام اربن ہیلتھ سنٹرس ریاست کے تمام پرائمری ہیلتھ سنٹرس اور ہاسپٹلس میں کتوں کے کاٹنے پر درکار ادویات دستیاب رکھیں۔