ڈاکٹر محمد عبدالقوی صدر شعبۂ اردو تلنگانہ یونیورسٹی مقرر

ڈاکٹر محمد عبدالقوی صدر شعبۂ اردو تلنگانہ یونیورسٹی مقرر
نظام آباد، 17 اکتوبر (اردو لیکس)
تلنگانہ یونیورسٹی کے معروف محقق، صحافی اور استاد ڈاکٹر محمد عبدالقوی کو صدر شعبۂ اردو کے عہدے پر فائز کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ کی ہدایت پر رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری نے اس تقرری کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد ڈاکٹر عبدالقوی نے آج اپنے عہدے کا باقاعدہ جائزہ حاصل کیا۔ ڈاکٹر عبدالقوی اس وقت ڈائریکٹر مائناریٹی سیل اور چیرمین بورڈ آف اسٹڈیز ان عربک کی ذمہ داریاں بھی سنبھالے ہوئے ہیں۔
تدریس و تحقیق کے شعبے میں انہیں 16 سال سے زائد کا تجربہ حاصل ہے، جس دوران انہوں نے تلنگانہ یونیورسٹی کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی میں بھی اپنی خدمات انجام دیں اور اردو تدریس میں نمایاں مقام پیدا کیا۔ دورانِ طالب علمی وہ دو مرتبہ لندن (انگلینڈ) کے مطالعاتی دورے پر گئے، جہاں انہوں نے "اردو ٹائمز” جیسے بین الاقوامی اخبار سے وابستگی کے دوران یورپ و امریکہ کے معروف اردو ادیبوں، شعرا اور صحافیوں سے علمی روابط قائم کیے۔ مغربی دنیا کے اردو اخبارات و رسائل پر ان کی تحقیق کو اساتذۂ کرام نے غیر معمولی طور پر سراہا۔ ان کی دو کتابیں، "مغربی دنیا کے اردو اخبارات و رسائل کی علمی و ادبی خدمات” اور "عبدالماجد دریابادی بحیثیت صحافی” کو علمی حلقوں میں بڑی پذیرائی حاصل ہوئی۔
علاوہ ازیں، انہوں نے مفسرِ قرآن اور نامور صحافی مولانا عبدالماجد دریابادی کے اخبارات "سچ”، "صدق” اور "صدق جدید” پر بھی تحقیقی و تنقیدی مطالعہ پیش کیا۔
ڈاکٹر عبدالقوی کے زیرِ نگرانی اب تک دو ریسرچ اسکالرز نے پی ایچ ڈی مکمل کی ہے، جب کہ انہوں نے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں میں منعقد 40 سے زائد قومی و بین الاقوامی سمینارز میں تحقیقی مقالات پیش کیے۔ وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے نصاب میں متعدد ابواب تحریر کر چکے ہیں۔ تدریس سے قبل وہ حیدرآباد کے موقر روزناموں میں صحافت سے وابستہ رہے اور انہیں 2006 میں لندن میں منعقدہ عالمی اردو کانفرنس کی رپورٹنگ پر 800 امریکی ڈالر بطور اعزاز پیش کیے گئے۔ بعد ازاں، انہوں نے یونیورسٹی آف ایسکس، لندن کی دعوت پر دوبارہ برطانیہ کا دورہ کیا
اور اپنی پی ایچ ڈی تحقیق مکمل کی۔ تعلیمی سفر کے دوران انہوں نے عثمانیہ یونیورسٹی کیمپس میں قیام کرتے ہوئے ایم اے ‘ ایم فل ‘ اور پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ یونیورسٹی سے بیچلر آف کمیونیکیشن اینڈ جرنلزم میں "نظام آباد کی مردم شماری” پر پراجیکٹ مکمل کرتے ہوئے A گریڈ حاصل کیا۔ بعد ازاں، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اردو میں ریفریشر کورس مکمل کیا جہاں انہیں بطور ریسرچ ریڈر انعامِ اوّل سے نوازا گیا۔
تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈمی نے انہیں تحقیق و تنقید کے زمرے میں گراں قدر نمایاں کارکردگی پر "کارنامۂ حیات ایوارڈ” عطا کیا، جب کہ تدریسی میدان میں نمایاں خدمات پر انہیں "بیسٹ ٹیچر ایوارڈ” اور انتظامی امور میں غیر معمولی عمدہ کارکردگی پر "بیسٹ یونیورسٹی ایمپلائی ایوارڈ” سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر عبدالقوی نے تلنگانہ یونیورسٹی میں مختلف انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں، جن میں پبلک ریلیشنز آفیسر، چیف وارڈن، ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ گیمز، یوتھ ویلفیئر آفیسر، ایڈیشنل کنٹرولر آف ایگزامینیشنز اور ڈائریکٹر ایکول اپرچونٹی سیل شامل ہیں۔ ڈاکٹر محمد عبدالقوی، نظام آباد کے محلہ پھولانگ و دھاروگلی سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ سب ٹریژری آفیسر محمد عبدالباقی کے پوتے اور معروف فٹبال کھلاڑی و محکمۂ ٹریژری کے سینئر اکاؤنٹنٹ محمد عبدالباری مرحوم کے فرزند ہیں۔ان کی اس تقرری پر وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ، رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری، پروفیسر محمد موسیٰ قرشی، ڈاکٹر گل رعنا، یونیورسٹی کے اساتذہ، نان ٹیچنگ اسٹاف، احباب و اقارب جن میں قابل ذکر ریاستی تلنگانہ اردو اکیڈمی چیرمین طاہر بن حمدان ،
سید نجیب علی ایڈوکیٹ سینئر قائد کانگریس، ایم اے وحید رومانی میڈیا اسٹار انٹرنشنل ، محمد یوسف الدین خان سینئر جرنلسٹ ایڈیٹر نیوز اینڈ ویوز میڈیا سرویس نظام آباد ، رفیقِ شاہی ایڈیٹر للکار ،نوید اقبال صدر ضلع اقلیتی سل بی آر ایس ، شیخ علی صابری صدر فیض العلوم سوسائٹی نظام آباد ،ڈاکٹر اسلم فاروقی ، محمد مسعود احمد اعجاز ضلع ترجمان کانگریس پارٹی
عبداللہ کوثر ، سید احمد پریمی این آر آئیز امریکہ ،نے دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقوی نے وائس چانسلر، رجسٹرار اور یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ شعبۂ اردو کو علمی و تحقیقی اعتبار سے مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔




