حیدرآباد کے ان علاقوں میں آئے تھے زلزلے کے جھٹکے _ کئی افراد زلزلے سے تھے بے خبر

تلنگانہ ریاست میں چہارشنبہ کی صبح ہلکے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس زلزلے کا مرکز متحدہ ورنگل ضلع کے ملگو علاقے میں تھا، جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.3 ریکارڈ کی گئی۔
اس کے اثرات متحدہ اضلاع ورنگل، کھمم، نلگنڈہ، میدک اور کریم نگر کے ساتھ ساتھ دارالحکومت حیدرآباد میں بھی محسوس کیے گئے۔ حیدرآباد میں جھٹکے تقریباً 3 سے 5 سیکنڈ تک جاری رہے۔
کئی لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس نہیں کئے ، لیکن دیگر علاقوں کے افراد نے ان جھٹکوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا۔ نیشنل سیسمولوجیکل سنٹر کی رپورٹ کے مطابق گریٹر حیدرآباد کے تحت آنے والے رنگا ریڈی ضلع کے علاقوں، جیسے قسمت پور، اے آئی جی گچی باؤلی ہاسپٹل، جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، امیر پیٹ، اور مدھورا نگر میں جھٹکے محسوس کئے گئے۔
دیگر متاثرہ علاقوں میں عطار پور، چکڑپلی، گولے ڈوڈی، ہمایوں نگر، سرور نگر، یوسف گوڑہ، لالہ پیٹ، بی این ریڈی، میاں پور، میڈچل، خیریت آباد، ابراہیم پٹنم، شیرلنگم پلی، دلسکھ نگر،ونستھلی پورم اور شامیرپیٹ شامل ہیں۔
زلزلے کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، لیکن جلد ہی جھٹکے رک گئے، جس سے لوگوں نے سکون کی سانس لی۔ پرانے شہر سے جھٹکے کی کوئی اطلاع نہیں ہے