بیرون ملک تعلیم کے لئے مالی امداد حاصل کرنے درخواست داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع

حیدرآباد _ 22 ستمبر ( اردولیکس) بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے لیے ریاستی حکومت نے اقلیتی طلبہ کے لیے چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لیے درخواست کی آخری تاریخ 25 ستمبر تک بڑھا دی ہے۔ درخواست کی ونڈو اب 25 ستمبر شام 5 بجے تک کھلی رہے گی ۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے پرنسپل سکریٹری اور کمشنر سید عمر جلیل نے اس سلسلے میں احکامات جاری کئے ہیں۔
اب تک ریاست بھر میں اقلیتی طلبہ سے بیرون ملک اسکالرشپ کے لیے 600 سے زیادہ آن لائن درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ اس اسکالرشپ کے لیے انجینئرنگ یا پوسٹ گریجویشن پروگرام کرنے والے امیدواروں کو متعلقہ کورسز میں کم از کم 60 فیصد نمبر حاصل کرنے کا ثبوت پیش کرنا چاہیے۔ مزید برآں، درخواست گزار کے سرپرست کی سالانہ آمدنی 5 لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
اہل طلباء امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، سنگاپور، فرانس، جرمنی، جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا جیسے ممالک کی یونیورسٹیوں میں داخلہ حاصل کر سکتے ہیں۔ درخواستیں آن لائن https://telanganaepass.cgg.gov.in/ ویب سائٹ پر جمع کی جا سکتی ہیں۔ درخواست دہندگان اپنے سرٹیفکیٹس کی زیراکس کاپیوں کے تین سیٹ متعلقہ ضلع اقلیتی بہبود کے دفتر میں 30 ستمبر 5 بجے شام سے پہلے جمع کرائیں۔