حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ — آخری رسومات کے پیسے نہ ہونے پر ایک خاندان مکان میں تین دن تک نعش کے ساتھ رہا

حیدرآباد میں دل دہلا دینے والا واقعہ — آخری رسومات کے پیسے نہ ہونے پر ایک خاندان مکان میں تین دن تک نعش کے ساتھ رہا
حیدرآباد کے جیڈی میٹلہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں شاہ پور نگر کے قریب این ایل بی نگر میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک غریب خاندان آخری رسومات کے اخراجات نہ ہونے کی وجہ سے تین دن تک اپنے گھر میں نعش کے ساتھ رہنے پر مجبور ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق 76 سالہ سوامی داس، جو ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھتے تھے، اپنی بیٹی سِلونی کے ساتھ این ایل بی نگر میں رہائش پذیر تھے۔ سلونی ایک خانگی ہاسپٹل میں نرس کی ملازمت کرتی تھی، لیکن والد کی بگڑتی صحت کے باعث اسے نوکری چھوڑنا پڑی۔ سوامی داس تین دن قبل شدید علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
غربت اور مالی تنگدستی کے باعث خاندان کے پاس آخری رسومات کے لئے رقم موجود نہیں تھی، جس کی وجہ سے نعش کو تین دن تک گھر میں ہی رکھا گیا۔ پڑوسیوں نے گھر سے طویل عرصے تک کوئی باہر نہ آنے پر شبہ ظاہر کیا اور مکان مالک نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور نعش کو گاندھی اسپتال منتقل کیا۔ بعد ازاں ایک غیر سرکاری تنظیم کی مدد سے سوامی داس کی آخری رسومات انجام دی گئیں۔



