ٹکٹ نہ ملنے کے خوف سے صبح میں بی آر ایس اور رات میں کانگریس – تلنگانہ کے کورٹلہ میں پارٹی بدلنے کا انوکھا ریکارڈ
تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے کورٹلہ میں بلدی انتخابات کی سیاست اس وقت دلچسپ موڑ اختیار کر گئی، جب کورٹلہ بلدیہ کے ایک مقامی قائد نے کونسلر ٹکٹ کی دوڑ میں ایک ہی دن میں پارٹی بدلنے کا انوکھا ریکارڈ قائم کر دیا۔
صبح کانگریس سے مایوس ہو کر بی آر ایس کا دامن تھامنے والے توٹا گنگادھر، رات ہوتے ہی پھر کانگریس کی گود میں واپس آ گئے، جس سے سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی۔
بتایا گیا ہے کہ کورٹلہ ٹاؤن کے 8 ویں وارڈ سے امیدوار بننے کے خواہشمند گنگادھر کو کانگریس میں ٹکٹ نہ ملنے کا خدشہ تھا، جس کی اطلاع پر جمعرات کی صبح بی آر ایس کے رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے نے فوری ان کے مکان پہنچ کر انہیں اور ان کے حامیوں کو پارٹی میں شامل کر لیا۔
تاہم جیسے ہی یہ خبر کانگریس قیادت تک پہنچی، رات دیر گئے گنگادھر کو میٹ پلی میں پارٹی دفتر طلب کیا گیا، جہاں کانگریس حلقہ انچارج جووّاڈی نرسنگ راؤ نے نہ صرف انہیں دوبارہ پارٹی میں شامل کیا بلکہ آٹھویں وارڈ کا امیدوار بھی اعلان کر دیا۔
اس پورے واقعہ نے کورٹلہ کی سیاست کو گرماتے ہوئے پارٹی وفاداری اور ٹکٹ کی سیاست پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔



