تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے باکسر نکہت زرین کو تہنیت _ 5 لاکھ روپے کا چیک حوالے

حیدرآباد _ 8 جنوری ( اردولیکس) تلنگانہ کانگریس کمیٹی کی جانب سے باکسنگ کی عالمی چیمپئن نکہت زرین کو تہنیت پیش کی گئی۔ تلنگانہ پی سی سی کے صدر ریونت ریڈی نے اس موقع پر نکہت زرین کو 5 لاکھ روپے کے انعام کا چیک حوالے کیا جسے انھوں نے ورلڈ چیمپئن بننے پر اعلان کیا تھا
حیدرآباد کے نظام کلب میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں کانگریس قائدین محمد علی شبیر محمد اظہر الدین اور دیگر موجود تھے اس موقع پر ریونت ریڈی نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ نکہت زرین کو ریاست میں اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کے لیے جگہ مختص کرے۔ وہ ہر قسم کی سہولیات کے ساتھ سپورٹس اکیڈمی قائم کرنا چاہتی ہیں۔ریونت ریڈی نے کہا کہ نکہت زرین کو 26 جنوری تک گروپ 1 افسر کے طور پر مقرر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سیاست سے بالاتر ہو کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سیاست میں بھی سپورٹس مین شپ ضروری ہے۔ کھیل کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایسے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ریونت نے کہا کہ لاکھوں طلبہ میں کھیل کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے ایک بار پھر ایک عظیم الشان انداز میں نکہت کو اعزاز دینے کے لیے ایک پروگرام منعقد کرنے کی ضرورت ہے۔