فلم اداکارہ سمنتا کو حیدرآباد میں تلخ تجربہ۔ مداح ٹوٹ پڑے

حیدرآباد: مداحوں کے حد سے زیادہ جوش کے باعث فلم ’دی راجہ صاحب‘ کے ایک ایونٹ میں اداکارہ نِدھی اگروال کو پیش آنے والا واقعہ ابھی بھلایا بھی نہیں گیا تھا کہ اب اداکارہ سمنتا کو بھی اسی طرح کے تلخ تجربے کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ معاملہ حیدرآباد کا ہے جہاں وہ ایک شاپنگ مال کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کے لیے آئی تھیں۔ پروگرام کے بعد جب وہ واپس اپنی کار کی جانب جا رہی تھیں تو مداح اچانک سیلفی لینے کے لیے ان پر ٹوٹ پڑے اور بعض نے اپنی
پسندیدہ اداکارہ کو چھونے کی بھی کوشش کی جس کے باعث سمنتا کو سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑا تاہم باڈی گارڈس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے انہیں احتیاط کے ساتھ گاڑی میں بٹھایا جس کے بعد انہوں نے
راحت کی سانس لی۔ اس واقعے کی ویڈیو اس وقت سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جبکہ صارفین مداحوں کے اس رویے کو غلط اور غیر ذمہ دارانہ قرار دے رہے ہیں۔



