تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کا آخری مرحلہ: ریاست بھر میں پولنگ جاری، دوپہر دو بجے سے ووٹوں کی گنتی

تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات کے آخری مرحلے کی پولنگ جاری ہے۔ صبح 7 بجے شروع ہونے والی رائے دہی دوپہر ایک بجے ختم ہوگی۔ اس کے بعد کھانے کے وقفے کے بعد دوپہر 2 بجے ووٹوں کی گنتی کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
تیسرے اور آخری مرحلے میں ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مجموعی طور پر 4,159 گرام پنچایتوں کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مختلف وجوہات کی بنا پر 11 گرام پنچایتوں میں نامزدگیاں داخل نہیں ہو سکیں۔ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت دو پنچایت میں انتخابات ملتوی کر دیے گئے، جبکہ 394 گرام پنچایتیں بلا مقابلہ منتخب ہو گئیں۔ باقی ماندہ 3,752 گرام پنچایتوں میں پولنگ عمل میں آ رہی ہے۔
اس مرحلے میں کل 53,06,401 ووٹرس حق رائے دہی رکھتے ہیں، جن میں 26,01,861 مرد، 27,04,394 خواتین اور 140 دیگر ووٹرس شامل ہیں۔
آخری مرحلے میں مجموعی طور پر 36,452 وارڈس کے لئے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ ان میں سے 116 میں نامزدگیاں داخل نہیں ہوئیں، جبکہ 7,908 وارڈس بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔ 18 وارڈز میں انتخابات ملتوی کر دئے گئے ہیں۔ باقی ماندہ 28,410 وارڈس کے لئے 75,725 امیدوار میدان میں ہیں۔



