ضلع نرمل کڑم کے لکشمی پور جنگلات میں بھڑک اٹھی آگ

File photo
خانہ پور۔ ریاست تلنگانہ نرمل ضلع کے کڑم منڈل میں واقع لکشمی پور گاؤں کے جنگلات میں ہفتہ کی شام اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے بڑے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ شعلہ آسمان سے باتیں کرتے دکھائی دیے اور قریبی علاقوں میں درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ محسوس کیا گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق جنگل میں موجود خشک درختوں اور پتوں کے باعث آگ تیزی سے پھیلتی جا رہی تھی جس سے نہ صرف درخت جل کر راکھ ہو چکے ہیں بلکہ جنگلی حیات کو بھی شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
آگ لگنے کی اطلاع مقامی افراد نے فوری طور پر حکام کو دی جس پر محکمہ جنگلات اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوراً متحرک ہو گئیں۔ آگ کو قابو میں لانے کے لیے کوششیں جاری ہیں جب کہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرہ علاقہ سے دور رہیں اور امدادی کارروائیوں میں تعاون کریں۔
آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔