حیدرآباد میں گنیش جلوس کے دوران پانچ مقدمات درج۔ کمشنر پولیس

حیدرآباد:تمام محکمہ جات کے باہمی تعاون سے گنیش وسرجن کا تہوار کامیابی سے منعقد کیا گیا یہ بات حیدرآباد کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے بتائی۔
انہوں نے کہا کہ اس بار 40 فٹ سے زائد اونچی مورتیاں پچھلے برس کے مقابلے میں زیادہ تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ خیرت آباد گنیش اتسو کمیٹی کے تعاون سے طے شدہ وقت سے پہلے ہی بڑے گنیش مورتی کا وسرجن مکمل کیا گیا۔
کمشنر پولیس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شوبھایاترا (جلوس) کے دوران ہونے والے جھگڑوں پر 5 مقدمات درج کیے گئے اور خواتین کے ساتھ نازیبا برتاؤ کرنے والے 1,070 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار وسرجن میں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔
9 ڈرونز کا استعمال کیا گیا اور 25 ہائی رائز عمارتوں پر کیمرے لگا کر مانیٹرنگ کی گئی۔سی پی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا اچانک معائنہ ایک مثبت قدم تھا جس کی وجہ سے کسی قسم کی کوئی مشکل پیش نہیں آئی۔