بودھن کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کو شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پولیس نے حراست میں لے لیا

بودھن کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کو شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پولیس نے حراست میں لے لیا
حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جمعرات کے روز اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بی آر ایس کے سینئر قائد اور بودھن کے سابق رکن اسمبلی عامر شکیل کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ اطلاعات کے مطابق عامر شکیل کے خلاف پولیس کی جانب سے لُک آؤٹ نوٹس جاری کی گئی تھی جو ایک سڑک حادثے سے متعلق کیس میں مطلوب تھے۔
ذرائع کے مطابق عامر شکیل گزشتہ چند ماہ سے دبئی میں مقیم تھے اور اپنے والدہ کے انتقال کے باعث تدفین میں شرکت کے لیے حیدرآباد واپس آئے تھے۔ جیسے ہی وہ شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچے پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔ تاہم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پولیس نے انہیں والدہ کی تدفین میں شرکت کی اجازت دی ہے۔ تدفین کے بعد توقع ہے کہ عامر شکیل سے باضابطہ طور پر پوچھ گچھ کی جائے گی۔
یہ معاملہ اس وقت سنگین رخ اختیار کر گیا جب عامر شکیل کے بیٹے ساحل پر الزام عائد کیا گیا کہ وہ تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پرجا بھون کے قریب ٹریفک بیریکیڈ سے ٹکرا گئے تھے۔ اس حادثے میں سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔ پولیس کا الزام ہے کہ واقعہ کے بعد عامر شکیل نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے کو قانونی کارروائی سے بچانے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔
پولیس نے اس کیس کی تحقیقات کے دوران سابق رکن اسمبلی کے کردار کو بھی مشتبہ قرار دیا اور ان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس جاری کی۔ شکیل کی ملک واپسی کے ساتھ ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے اس تعلق سے فوری طور پر پولیس کا بیان سامنے نہیں آیا۔