وقارآباد ضلع کلکٹر پر حملے کی سازش کے الزام میں بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی گرفتار

حیدرآباد – کوڑنگل کے سابق ایم ایل اے پٹنم نریندر ریڈی کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ انہیں حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں کے بی آر پارک کے قریب صبح واکنگ کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، نریندر ریڈی کو وقارآباد کے ضلع کلکٹر پر حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
وقارآباد ضلع کے ڈڈیالہ منڈل کے لگاچرل گاؤں میں پیر کو کلکٹر اور دیگر عہدیداروں پر حملے کے بعد پولیس نے رات میں ہی کارروائی شروع کر دی۔ رات کے وقت علاقے میں برقی کی سربراہی معطل کر دی گئی، انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی، اور کئی گھروں میں چھاپے مارے گئے۔ تقریباً 300 پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا اور مختلف مقامات سے 55 افراد ک
حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔ تفتیش کے بعد، 16 کسانوں کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں پرگی سب جیل منتقل کر دیا گیا۔
عمومی طور پر فرقہ وارانہ فسادات اور دیگر سنگین جرائم کے دوران انٹرنیٹ خدمات معطل کی جاتی ہیں، لیکن اس واقعہ کے بعد کسانوں کے احتجاج کے دوران بھی انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی۔ حکام نے ڈڈیالہ، کوڑنگل اور بونرسپیٹ منڈلوں میں انٹرنیٹ کی خدمات مکمل طور پر روک دی ہیں۔