جناب غیاث الدین بابو خان کا انتقال سارے سماج کے لئے عظیم نقصان تعلیمی اور فلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔کویتا کا اظہار تعزیت

جناب غیاث الدین بابو خان کا انتقال سارے سماج کے لئے عظیم نقصان
تعلیمی اور فلاحی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔کویتا کا اظہار تعزیت
صدر تلنگانہ جاگروتی و رکن قانون ساز کونسل بی آر ایس کلواکنٹلہ کویتا نے حیدرآباد کی نامور شخصیت جناب غیاث الدین بابو خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے تعزیتی پیام میں کہا کہ جناب غیاث الدین بابو خان نہ صرف شہر کی ایک مشہور و معروف شخصیت تھی بلکہ ایک سچے انسان دوست اور حقیقی سماجی رہنما تھے۔ کویتا نے کہا کہ مرحوم کی زندگی خدمتِ خلق کے لئے وقف رہی۔ انہوں نے پسماندہ اور محروم طبقات کی بھلائی کے لئے بے شمار تعلیمی و فلاحی ادارے قائم کئے، جن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کی عوامی خدمات اور انسانی ہمدردی نے سماج پر ایک لازوال نقوش چھوڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جناب غیاث الدین کا انتقال نہ صرف ان کے اہل خانہ کے لئے بلکہ پورے سماج کے لئے ایک بڑا نقصان ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کیا جاتا رہے گا۔کویتا نے مرحوم کے اہل خانہ اور دوستوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ مرحوم کی روح کو ابدی سکون حاصل ہو۔



