ریبیز انجکشن دینے کے بعد معصوم بچی کی موت!۔ تلنگانہ کے کام ریڈی ضلع میں واقعہ

ریبیز انجکشن کے بعد معصوم بچی کی موت۔ تلنگانہ کے کام ریڈی ضلع میں واقعہ
کاماریڈی:سرکاری ہاسپٹل میں ریبیز کا انجکشن دینے کے بعد ایک ڈھائی سالہ ننھی بچی کی موت ہو جانے کا افسوسناک واقعہ تلنگانہ کے کامریڈ ضلع میں پیش آیا۔ ارکان خاندان نے ڈاکٹروں پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے ہاسپٹل کے باہر احتجاج کیا۔
کاماریڈی ضلع کے کوٹال پلی گاؤں سے روزگار کی تلاش میں کاماریڈی شہر آ کر مقیم رمیش اور ارچنا نامی میاں بیوی اپنے دو بچوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔ گزشتہ ماہ 25 تاریخ کو ان کی بیٹی کرتارس (عمر ڈھائی سال) گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ ایک آوارہ کتے نے اسے کاٹ لیا۔
والدین فوری طور پر بچی کو کاماریڈی کے سرکاری ہاسپٹل لے گئے، جہاں ریبیز کے انجکشن لگائے گئے۔ حال ہی میں تیسری خوراک (ڈوز) لگوانے کے بعد گھر جانے پر بچی کی طبیعت بگڑ گئی جس پر اسے قریبی خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
ہاسپٹل کے ڈاکٹروں نے بتایا کہ بچی کی نبض گر چکی ہے،ض جس کے بعد ارکان خاندان اسے دوبارہ سرکاری ہاسپٹل لے گئے تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر بچی کو مردہ قرار دیا۔
اس واقعہ کے بعد ارکان خاندان نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹروں کی غفلت اور لاپروائی کے باعث ہی ان کی بیٹی کی جان گئی اور ہاسپٹل کے احاطے میں احتجاج کیا۔بچی کے باپ کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔



