تلنگانہ

کار کو ریلوے ٹریک پر چلا کر کافی پریشان کرنے والی لڑکی پاگل خانہ منتقل 

حیدرآباد 28جون (اردو لیکس) حیدراباد کے شنکر پلی علاقے میں دو دن قبل کار کو ریلوے ٹریک پر چلا کر  پولیس اور ریلوے حکام کو کافی پریشان کرنے والی لڑکی کوپاگل خانہ منتقل کردیاگیا۔

 

اس واقعہ کی تصاویر اور ویڈیوس سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئیں تھیں۔ حکام نے اس لڑکی کی شناخت سونی کے طور پر کی۔ جب پولیس نے اسے حراست میں لینے کی کوشش کی تو اس نے ان پر حملہ کر دیا جس پر حکام کو شبہ ہوا کہ وہ ذہنی دباؤ کا شکار ہے۔

 

اس کے بعد اسے چیوڑلہ میں طبی معائنہ کے لیے بھیجا گیا جہاں ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ ذہنی طور پر درست حالت میں نہیں ہے۔ اسے حیدرآباد کے منٹل ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا۔

 

سونی نے تقریباً 7 کلومیٹر ریلوے ٹریک پر کار چلائی جس کے نتیجہ میں ایک گھنٹہ 20 منٹ تک ٹرینیں رُک گئیں۔ 8 مسافر ٹرینیں اور مال بردار گاڑیاں متاثر ہوئیں۔ اس کے خلاف ریلوے ایکٹ کی دفعات 147 (غیرقانونی داخلہ) اور 153 (ٹرین سروس میں رکاوٹ) کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔

 

پولیس نے بتایا کہ وہ کچھ دنوں سے اپنے والدین اور شوہر سے دور تھی، حالیہ دنوں میں ملازمت بھی کھو چکی تھی، جس سے وہ شدید ڈپریشن میں تھی۔ سونی کا تعلق لکھنؤ سے ہے اور وہ پوپل گوڑہ، حیدرآباد میں رہتی ہے۔

متعلقہ خبر پڑھیں

لڑکی نے ریلوے ٹریک پر کار دوڑا دی۔ حیدرآباد کے مضافات میں واقعہ

 

متعلقہ خبریں

Back to top button