گوگل اسٹریٹ، مائیکروسافٹ روڈ ؛ رتن ٹاٹا اور ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو — حیدرآباد کی سڑکوں اور علاقوں کے اب یہ رہیں گے نام
حیدرآباد ایک بار پھر عالمی نگاہوں کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ حکومتِ تلنگانہ نے شہر کی اہم شاہراہوں کو ایسی ممتاز شخصیات اور شہرت یافتہ کمپنیوں کے ناموں سے منسوب کرنے کی تیاری کرلی ہے جنہوں نے دنیا میں اپنی الگ شناخت بنائی ہے
۔ آؤٹر رنگ روڈ کے راویرال سے فیوچر سٹی تک جانے والے 100 میٹر طویل گرین فیلڈ ریڈیئل روڈ کو رتن ٹاٹا کے نام سے موسوم کیا جائے گا، جبکہ راویرال انٹرچینج پہلے ہی ’’ٹاٹا انٹرچینج‘‘ کہلاتا ہے۔ اسی سلسلے کو ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے حکومت نے تاریخ ساز تجویز پیش کی ہے جس کے مطابق دنیا میں پہلی بار کسی سڑک کا نام سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام پر رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے
۔ امریکی قونصل جنرل کے دفتر کے سامنے سے گزرنے والی مرکزی شاہراہ کو ’’ڈونالڈ ٹرمپ ایونیو‘‘ کا نام دینے کے لیے تجاویز تیار ہیں اور منظوری کی خاطر مرکز کے وزارتِ خارجہ اور امریکی سفارتخانے سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔ آئی ٹی کوریڈور بھی اس نیاپن کا حصہ بننے والا ہے جہاں ’’گوگل اسٹریٹ‘‘، ’’مائیکروسافٹ روڈ‘‘ اور ’’وپرو جنکشن‘‘ جیسے ناموں پر غور جاری ہے، تاکہ ٹیکنالوجی دنیا کے بڑے نام بھی شہر کا مستقل حصہ بن جائیں۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر اثر رکھنے والی شخصیات اور کارپوریٹ اداروں کے نام سڑکوں سے منسوب کرنا نہ صرف انہیں منفرد خراجِ تحسین ہے بلکہ اس سے دنیا کو ایک مضبوط پیغام جائے گا کہ حیدرآباد صرف ایک شہر نہیں بلکہ بین الاقوامی شناخت رکھنے والا برانڈ ہے
چیف منسٹر کے مطابق ان ناموں سے ان سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو نئی تحریک، نیا حوصلہ اور عالمی کامیابیوں کا احساس بھی ملے گا اور یہی سوچ اس منفرد قدم کی بنیاد بنی ہے۔



