تلنگانہ

تلنگانہ میں ملازمین ہیلت اسکیم کے لئے خصوصی ہیلت کیئر ٹرسٹ قائم کرنے حکومت کا اعلان

حیدرآباد: چیف سکریٹری راما کرشنا راو نے اعلان کیا ہے کہ سرکاری ملازمین، پنشن یافتگان اور ان کے زیر کفالت افراد کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ایمپلائیز ہیلت اسکیم کو ایک خصوصی "ایمپلائی ہیلت کیئر ٹرسٹ” کے ذریعہ نافذ کیا جائے گا، جو آئندہ چند دنوں میں قائم کیا جائے گا۔

 

سکریٹریٹ میں جوائنٹ اسٹاف کونسل اور مختلف ملازمین تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر حکومت ملازمین اور پنشن یافتگان کو معیاری، آسان اور شفاف طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرسٹ کے قیام اور اس کے طریقۂ کار کو ملازمین تنظیموں کی تجاویز شامل کرنے کے بعد حتمی شکل دی جائے گی۔

 

انہوں نے واضح کیا کہ ٹرسٹ کے لئے الگ بینک اکاؤنٹ کھولا جائے گا اور اس میں حکومت اور ملازمین دونوں مساوی مالی حصہ ڈالیں گے۔ ٹرسٹ مکمل خودمختاری کے ساتھ کام کرے گا اور مستفیدین کے مفاد میں آزادانہ فیصلے لینے کا اختیار رکھے گا۔

 

مختلف ملازمین تنظیموں کے نمائندوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرسٹ کے انتظامی ڈھانچے، مالیاتی نظم و نسق، خدمات کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے نظام سے متعلق اہم تجاویز پیش کیں۔ اجلاس میں کئی سینئر افسران اور ملازمین تنظیموں کے قائدین بھی شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button