تلنگانہ میں سرکاری خدمات اب واٹس ایپ پر — گھر بیٹھے دستاویزات، اپ ڈیٹس اور ڈاؤن لوڈ کی سہولت
تلنگانہ میں سرکاری خدمات اب وہاٹس ایپ پر — گھر بیٹھے دستاویزات، اپ ڈیٹس اور ڈاؤن لوڈ کی سہولت
تلنگانہ حکومت نے عوامی خدمات کو مزید آسان بنانے کی سمت ایک بڑا قدم بڑھایا ہے۔ اب عوام کو می سیوا سے متعلق مختلف خدمات حاصل کرنے کے لئے کسی مرکز پر جانے یا قطار میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے وہ ، براہِ راست واٹس ایپ پر ہی تمام کارروائی مکمل کر سکیں گے۔ حکومت نے ایک نئے چیٹ بوٹ کے ذریعے 38 محکموں کی 580 سے زائد خدمات کو واٹس ایپ سے جوڑ دیا ہے۔
سرکاری نمبر 8096 95 8096 پر پیغام بھیج کر شہری اپنی ضروری دستاویزات کے لیے درخواست داخل کرسکتے ہیں، سابقہ درخواستوں کی پیش رفت معلوم کرسکتے ہیں، سرکاری اطلاع نامے وصول کرسکتے ہیں اور جاری شدہ سرٹیفکیٹس وہیں سے ڈاؤن لوڈ بھی کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت 24 گھنٹے اور ہفتے کے ہر دن دستیاب رہے گی۔
نیا پلیٹ فارم جدید conversational AI پر مبنی ہے جسے میٹا کی تکنیکی معاونت کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ حکومتی حکام کا ماننا ہے کہ یہ اشتراک عوامی خدمات میں نجی ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک مضبوط مثال بنے گا۔
سرکاری عہدیداروں کے مطابق الیکٹرانک سروسز ڈلیوری (ESD)، جو می سیوا کی نگرانی کرتی ہے، ریاست میں خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی کو نہ صرف تیز بنا رہی ہے بلکہ شفافیت اور شہریوں تک براہِ راست رسائی کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔ اس وقت ریاست بھر میں 5000 سے زائد می سیوا مراکز خدمات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ موبائل ایپ کے ذریعے بھی یہ نظام فعال ہے۔



